ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مانسون اجلاس: ہنگامہ آرائی کے باعث لوک سبھا اور راجیہ سبھا کی کارروائی دن بھر کے لیے ملتوی

مانسون اجلاس: ہنگامہ آرائی کے باعث لوک سبھا اور راجیہ سبھا کی کارروائی دن بھر کے لیے ملتوی

Fri, 29 Jul 2022 21:22:27    S.O. News Service

نئی دہلی،29؍جولائی (ایس او نیوز؍ایجنسی) پارلیمنٹ کا مانسون اجلاس جمعہ کو بھی ہنگامہ آرائی کی نذر ہو گیا۔ لوک سبھا اور راجیہ سبھا حکمراں جماعت اور اپوزیشن کے ہنگامہ آرائی کی وجہ سے کارروائی دن بھر کے لیے ملتوی کر دی گئی۔ اس سے قبل دونوں ایوانوں کی کارروائی دوپہر 12 بجے تک ملتوی کر دی گئی تھی۔ کارروائی شروع ہوتے ہی دوبارہ ہنگامہ شروع ہو گیا۔ جس کے باعث دونوں ایوانوں کی کارروائی پیر، یکم اگست تک کے لئے ملتوی کر دی گئی۔

لوک سبھا میں کارروائی ایک بار ملتوی ہونے کے بعد جیسے ہی پریذائیڈنگ آفیسر راجندر اگروال نے ایوان کی کارروائی دوبارہ شروع کی تو حکمراں پارٹی اور اپوزیشن کے ارکان نے اپنی جگہ پر ہنگامہ شروع کر دیا۔ حکمراں جماعت کی جانب سے کانگریس صدر کے خلاف نعرے بازی کی گئی، جبکہ کانگریس ارکان نے تاناشاہی نہیں چلے گی کے نعرے لگائے۔ ہنگامہ کے درمیان پریذائیڈنگ آفیسر نے اہم کاغذات ایوان کی میز پر رکھے۔ پریزائیڈنگ افسر نے ہنگامہ آرائی کرنے والے ارکان کو اپنے اپنے مقامات پر جانے کی اپیل کی لیکن ہنگامہ بڑھتا گیا جس کی وجہ سےایوان کی کارروائی دن بھر کے لیے ملتوی کر دی گئی۔

قبل ازیں جب ایوان کا اجلاس 11 بجے شروع ہوا تو پریذائیڈنگ آفیسر کریٹ بھائی سولنکی نے وقفہ سوال شروع کرنے کے لئے اپوزیشن ارکان سےسیٹ پر بیٹھنے کی اپیل کی جو پہلے سے ہی نعرہ بازی اورشورغل کر رہے تھے۔ایوان میں بدانتظامی دیکھ کر سولنکی نے دومنٹ کے اندر کارروائی 12 بجے تک ملتوی کرنے کا اعلان کر دیا۔


Share: